کھلاڑیوں کو جتنے زیادہ میچز ملیں گے کارکردگی بہتر ہو گی: مصباالحق

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )قومی ٹیم کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کو 2019 میں قومی ٹیم کے بہترین بولرز قرار دیدیا۔مصباح نے کہا کہ رواں سال قومی ٹیم محدود اوورز کی کرکٹ میں بھی زیادہ کامیابیاں حاصل نہیں کرسکی، جس کی ایک بڑی وجہ اہم میچز سے قبل قومی کرکٹرز کا آؤٹ آف فارم ہونا تھا۔ فخر زمان بیٹنگ لائن کا اہم ہتھیار تھے مگر ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کارکردگی میں تسلسل برقرار نہیں رہ سکا۔ باؤلرز میں حسن علی اور شاداب خان کی فارم خراب ہونے پر قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ بابراعظم نے تینوں فارمیٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، قومی کھلاڑیوں کو جتنے زیادہ میچز ملیں گے ان کی کارکردگی میں بہتری آئیگی۔ محمد رضوان اور افتخار احمد کی کارکردگی متاثر کن رہی۔ رواں سال ٹیم کے انتخاب اور فائنل الیون کے چناؤ کے حوالے سے جو فیصلے لیے گئے وہ آسان نہیں تھے۔ فخر زمان، حسن علی اور یاسر شاہ کی فارم خراب ہونے کے باعث ٹیم کی کارکردگی پر اثر پڑا۔ سرفراز احمد اور شعیب ملک کی فارم کا نہ ہونا سمیت کئی اہم ایشوز عہدہ سنبھالتے ہی ان کے سامنے کھڑے تھے۔ مستقبل میں نتائج آہستہ آہستہ سامنے آئیں گے۔ اصل ہدف قومی ٹیم کو تینوں فارمیٹ میں وننگ ٹریک پر گامزن کرنا ہے۔ ٹیم مستقبل میں بہتر نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، تمام کھلاڑیوں کا مستقبل روشن ہے۔

ای پیپر دی نیشن