وزیراعظم عمران خان نے 2020کو عوام کیلئے ریلیف کاسال قراردےدیا

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف اوراتحادی جماعتوں کے ارکانِ پارلیمنٹ سے کہاہے کہ وہ سال دوہزاربیس کے دوران قانون سازی کے ذریعے مفادِ عامہ کے مسائل اجاگر کرنے اوران کے حل پرپوری توجہ دیں۔وہ تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کے سینیٹروں سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی ۔وزیراعظم نے کہاکہ بدعنوانی کے ناسورنے ملکی معیشت کوتباہ کردیا ہے اوراس کاخاتمہ تحریک انصاف کی حکومت کے منشور کابنیادی جزو ہے۔انہوں نے بدعنوان عناصر کوانصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے ان کے خلاف کوششیں جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیاہے۔ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی صورتحال ،حکومت کی سرپرستی میں ہونے والی اصلاحات ، عوامی مسائل کے حل کے لئے متعلقہ قانون سازی اور حکومتی کامیابیوں کے ثمرات عوام کو منتقل کرنے کے لئے حکمت عملی کا بغور جائزہ لیاگیا۔وزیراعظم نے دوہزاربیس کو عوام کے لئے ریلیف کاسال قراردیتے ہوئے کہاکہ اس سال حکومت معاشی نظام کے استحکام کے لئے کوشاں رہے گی تاکہ اس کے ثمرات عام آدمی کو پہنچاکر اس کی زندگی میں بہتری لائی جاسکے۔
 

ای پیپر دی نیشن