پاک بحریہ سمندری حدود کے دفاع کیساتھ سی پیک اور بالخصوص گوادر پورٹ کی سکیورٹی کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولز سے خطے کو امن اور استحکام مل رہا ہے ، پاک بحریہ سمندری حدود کے دفاع کیساتھ سی پیک اور بالخصوص گوادر پورٹ کی سکیورٹی کیلئے ہمہ وقت تیار ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پاکستان نیوی فلیٹ کی سالانہ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ 2019 ا ور تقریب تقسیمِ انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔نیول چیف نے پاکستان فلیٹ کی 2019کے دوران آپریشنل سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرولز سے خطے کو امن اور استحکام مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ سمندری حدود کے دفاع کے ساتھ ساتھ سی پیک اور بالخصوص گوادر پورٹ کی سیکورٹی کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔امیرالبحر نے کہا کہ 2019کے دوران مختلف میزائلوں کی کامیاب فائرنگ نے ثابت کیا کہ پاک بحریہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔قبل ازیں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق نے سال 2019کے دوران فلیٹ کی آپریشنل مصروفیات کا جائزہ پیش کیا۔کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران پاکستان فلیٹ نے مختلف بین الاقوامی بحری مشقوں میں شرکت اور بالخصوص امن 2019 کی میزبانی کی۔انہوں نے کہا کہ ان مشقوں میں شمولیت سے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ وارانہ صلاحیت میں گراں قدر اضافہ ہوا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فلیٹ یونٹس کی مسابقاتی کارکردگی کی جانچ بہتر سے بہترین کی جستجو میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے سال 2019 کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والی یونٹس میں پروفیشنسی شیلڈز تقسیم کیں۔

ای پیپر دی نیشن