وزیراعظم عمران خان کا ملک کو فلاحی مملکت بنانے کیلئے نئے سال میں اہم اقدامات کےعزم کااظہار

Jan 01, 2020 | 20:07

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو ایک فلاحی مملکت بنانے کے لئے نئے سال میں اہم اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔انہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ایئریونیورسٹی کے نئے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران معیشت مستحکم ہوئی ہے اور اب تمام اقتصادی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب حکومت ملک میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ دے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت یوٹیلٹی سٹورز میں ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائے گی اور انصاف کارڈز متعارف کرائے گی۔انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں میں لنگر شروع ہو گا جبکہ ضرورت مندوں کے لئے صحت بیمہ کارڈز اور پناہ گاہیں کھولی جا چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سال کے دوران سیاحت اور تعمیری شعبوں کو خصوصی اہمیت دی جائیگی جس سے معیشت کو فروغ حاصل ہو گا۔عمران خان نے ریاست مدینہ کی طرز پر پاکستان کی تعمیر کے اپنے ویژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران انسانیت، قانون کی حکمرانی اور تعلیم پر توجہ دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور تحقیق کو تعلیمی نظام میں مناسب اہمیت دی جانی چاہئے تاکہ موجودہ جدید دور میں حقیقی ترقی حاصل کی جا سکے۔وزیراعظم نے میرٹ پر عملدرآمد اور اداروں کے استحکام کے ذریعے نظام کو درست کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں