رواں مالی سال کے دوران افغانستان کو 432.46 ملین ڈالر مالیت کی برآمدات کی گئی ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادو شمار کے مطابق جولائی سے لے کر نومبر تک کے عرصہ میں افغانستان کو 432.46 ملین ڈالر کی برآمد کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات کا حجم 460.46 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ نومبر میں افغانستان کو 93.43 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔ گزشتہ سال نومبر میں افغانستان کو 72.38 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔ مالی سال 2018-19ءکے دوران افغانستان کو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 1.19 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ اعداد وشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں افغانستان سے درآمدات میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی تا نومبر 2019ءکے عرصہ میں افغانستان سے درآمدات کا حجم 61.16 ملین ڈالر رہا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں افغانستان سے درآمدات کا حجم 74.88ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ مالی سال 2018-19ءکے دوران افغانستان سے درآمدات پر 170.47 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا۔ اسی طرح نومبرمیں افغانستان سے درآمدی بل کی مالیت 22.34 ملین ڈالر رہی۔ گزشتہ سال نومبر میں افغانستان سے درآمدات پر 13 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔