اسلام آباد/ لاہور (اے پی پی+ کامرس رپورٹر) پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائرمیں 2020 ء کے دوران مجموعی طور پر13.29 فیصدکانمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بنک کے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق دسمبر2019 ء کے اختتام پر پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم17.930 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جس میں سٹیٹ بنک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم11.336 ارب ڈالر اور بنکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم 6.593 ارب ڈالر تھا۔ جون2020 ء کے اختتام پر ملکی زرمبادلہ کے ذخائرکاحجم 18.886 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ علاوہ ازیں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں نئی سرمایہ کاری کے مقابلے میں 92 فیصد زیادہ زر مبادلہ بیرون ملک بھجوایا ہے۔ سٹیٹ بنک کے مطابق مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے منافع کی مد میں مجموعی طور پر 74 کروڑ 81 لاکھ ڈالر بیرون ملک بھجوائے گئے جو اس دوران پاکستان میں ہونے والی نئی سرمایہ کاری سے بھی 35 کروڑ 88 لاکھ ڈالر زیادہ ہیں۔ اس دوران پاکستان میں ہونے والی غیر ملکی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 38 کروڑ 93 لاکھ ڈالر تھا۔ رواں مالی سال جولائی سے نومبر کے اختتام تک 70 کروڑ 75 لاکھ ڈالر صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع کی مد میں باہر گئے ۔ جبکہ 4 کروڑ 6 لاکھ ڈالر غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سٹاک مارکیٹ سے کما کر باہر بھجوائے۔
2020ء میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 13.29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا: سٹیٹ بنک
Jan 01, 2021