فضل الہی، ظفر اللہ جمالی،شیر خان شہید،عبدالستار ایدھی کا یوم پیدائش آج منایا جائیگا

اسلام آباد(صلاح الدین /نمائندہ نوائے وقت)پاکستان کے سابق صدر فضل الٰہی چوہدری کا117 واں یوم پیدائش آج (جمعہ کو) منایا جائے گا وہ یکم جنوری1904 کو ضلع گجرات میں پیداہوئے تھے اورفضل الٰہی چوہدری14 اگست1973 سے16 ستمبر1978 تک پاکستان کے صدر رہے ۔جنرل ضیاء الحق کی جانب سے حکومت کاتختہ الٹے جانے کے بعدوہ مستعفی ہوگئے تھے۔وہ یکم جون1982 کو وفات پاگئے ۔ سابق وزیراعظم میر ظفراللہ جمالی کی77 ویں یوم پیدائش آج ( جمعۃ المبارک کو) منائی جائے گا، یکم جنوری1944 کو جعفرآباد کے علاقے روجھان جمالی میں پیدا ہوئے انہوںنے1970میں اپنی سیاست کا آغاز پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے کیا1972 اور 1977میں داخلہ ،فوڈ ، اطلاعات اورپارلیمارنی امورکے وزیر بنائے گئے 1977میں جنرل ضیاء الحق نے اس وقت وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت ختم کرکے ملک میںمارشل لانافذ کیا1977 میں جنرل ضیاء الحق نے میرظفراللہ جمالی کو وفاقی کابینہ میں شامل کرکے سٹیٹ منسٹر بنادیا، 1993میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور 1977میں بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ بنائے گئے 2002کے انتخابات میں مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر جعفرآباد سے کامیاب ہوکر ملکی تاریخ میں پہلی بار بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بلوچ رہنما میرظفراللہ جمالی ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے اور 2004میں اس وقت کے صدر جنرل پرویز مشرف سے ناراضگی کی وجہ سے وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونا پڑا 2004میں قومی کھیل ہاکی فیڈریشن کا صدر بنایا گیا اورآخری بار2013 کے عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے کامیاب ہوکر مسلم لیگ( ن) میں شامل ہوگئے وہ 3دسمبر2020کو وفات پاگئے تھے ۔ نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کا51 واں یوم پیدائش آج یکم جنوری بروز جمعۃ المبارک کوعقیدت و احترام کے ساتھ منایاجائے گا۔اس سلسلہ میں ملک بھرمیں تقریبات انعقادپذیر ہوں گی کیپٹن کرنل شیر خان شہیدیکم جنوری 1970کو صوابی میں پیدا ہوئے ان کے والدین نے پاک فوج کی محبت میں ان کا نام ہی کرنل شیر خان رکھ دیا ۔7جولائی 1999میں بھارت کے ساتھ کارگل کی جنگ کے دوران مادروطن کا دفاع کرتے ہوئے انہوںنے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ان کی جرات و بہادری کے اعتراف میں انہیں پاک فوج کے سب سے بڑے اعزاز نشان حیدر سے نواز اگیا۔الیکٹرانک میڈیا پروگرامزنشراورپرنٹ میڈیافیچر شائع کریں گے۔ عالمی شہرت یافتہ سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کا93 واںیوم پیدائش آج یکم جنوری بروز جمعۃ المبارک کو منایا جائے گاوہ یکم جنوری 1928 بھارت میں پیدا ہوئے تھے عبدالستارایدھی کے یوم پیدائش کے سلسلہ میں ملک بھرمیں تقریبات انعقادپذیرہونگی جس میں ان کی گرانقدر خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جائیگا انسانی خدمت کے کام کو انہوںنے اتنی وسعت دی کہ ان کی فائونڈیشن کے 400 سے زائد مراکز کام کررہے ہیں وہ 25جنوری2013 کو گردوں کے عارضہ میں مبتلا ہوئے اور 8جولائی2016 کو87 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ پاکستان کے نامور ادیب،شاعر ،مصور ،دانشور اور سیاستدان حنیف رامے کی 15 ویں برسی آج (جمعہ کو) منائی جائیگی وہ15مارچ1930 کو ضلع شیخو پورہ میں پید اہوئے 1972میں وہ پنجاب کے وزیر خزانہ اور1974 میں وزیراعلی ٰ پنجاب اور 1993میں سپیکر پنجاب اسمبلی کے منصب پر فائز ہوئے انہوں نے کئی کتابیں تحریر کیں یکم جنوری 2006کو حنیف رامے دنیا فانی سے رخصت ہوگئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن