کراچی (اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ایونٹ قائد اعظم ٹرافی اختتام کی جانب گامزن ہے، سنٹرل پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مابین قائد اعظم ٹرافی 21-2020 کا فائنل جمعہ سے نیشنل اسٹیڈیم میںکھیلا جا ئے گا۔ 5 روزہ فائنل میں دفاعی چیمپیئن سینٹرل پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں کیدرمیان دلچسپ اورسنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے۔فاتح ٹیم وننگ ٹرافی کے ساتھ ایک کروڑروپے کا انعام بھی حاصل کرے گی جبکہ رنر اپ ٹیم کو50 لاکھ روپے بطورانعام دیے جائیں گے،مین آف دی فائنل، بہترین بیٹسمین، بہترین بولر، بہترین وکٹ کیپر اور مین آف دی ٹورنامنٹ کو فی کس 50 ہزار روپے بطور انعام دیا جائے گا،دریں اثنا دونوں ٹیموں نے جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں الگ الگ پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔سنٹرل پنجاب کے کپتان حسن علی نے کہا ہے کہ میں اپنی ٹیم کی پرفارمنس سے بہت خوش ہوں ہمارے فائنل تک پہنچنے کی کہانی بڑی شاندار ہے، فائنل کے لیے پرجوش ہوں ہمارا فوکس کھیل پر ہے اور میں پر امید ہوں کہ قائد اعظم ٹرافی میں اپنے اعزاز کا دفاع میں کامیباب رہیں گئے۔ خیبر پختونخواہ کے کپتان خالد عثمان نے کہا ہے کہ ہم ٹرافی اٹھانے کے ایک قدم کے فاصلے پر ہیں اور اس کے لیے ہم نے بڑی محنت کی ہے۔ ہم فائنل اسی پازیٹو مائنڈ سے کھیلیں گے جس کے ساتھ پورے سیزن میں کھیلے ہیں۔اگر فائنل ڈرا ہوجاتا ہے تو فاتح کا فیصلہ اس طرح ہو گا،وہ ٹیم جس نے پی سی بی پلئینگ کنڈیشنز 2020 کے16.9 کے مطابق پہلی اننگز میں زیادہ پوائنٹس حاصل کیے ہوں گے۔ اگر پہلی اننگز کے پوائنٹس برابر ہوتے ہیں تو دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا جائے گا۔ پہلی اننگز کی برتری کو زیرغور نہیں لایا جائے گا۔