نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کی نمائندگی کاموقع دیا :مصبا ح الحق

Jan 01, 2021

 لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہاہے کہ ہم نے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کی نمائندگی کاموقع دیا، ہم نے مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیلی تاہم مایوسی ہے کہ ہم بنگلہ دیش اور زمبابوے کیخلاف جیت کا تسلسل دوسرے میچوں میں برقرار نہیں رکھ سکے۔ ہم نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے علاوہ چند باصلاحیت کرکٹرز کو پاکستان شاہینز میں بھی نمائندگی کا موقع دیا اور مجھے امید ہے کہ یہ نوجوان کرکٹرز مستقبل قریب میں ہمارا اثاثہ ثابت ہوں گے۔ سب سے زیادہ دکھ مجھے انگلینڈ کیخلاف اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ ہارنے پر ہوا، ہم وہ میچ جیت سکتے تھے ، پھر اس کے بعد دوسرے میچ میں بارش ہوگئی اور تیسرے میں ہم ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب رہے۔ نیوزی لینڈ کا دورہ کچھ مختلف تھا، یہاں ابتدائی چودہ دن کا قرنطینہ بہت سخت تھا، اس دوران ہم کوئی کرکٹ نہیں کھیل سکے، جس سے ہماری تیاریوں کو بہت نقصان پہنچا، ہمارے کھلاڑی انجریز کا شکار بھی ہوئے۔اس سب کے باوجودآخری ٹی ٹونٹی میچ جیتا۔پہلے ٹیسٹ میچ میں بابراعظم اور شاداب خان کی عدم موجودگی کے باوجود بہترین فائیٹ بیک کیا جو قابل ستائش ہے۔ سال 2021ء میںسال کی گئی غلطیوں کو نہیں دہرانا، آئندہ سال کرکٹ بہت زیادہ ہوگی اور ہمیں معیاری مقابلوں کیلئے اپنی فٹنس پر خاص توجہ دینا ہوگی، ہمارے پاس باصلاحیت، تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا بہترین پول دستیاب ہے اور امید ہے کہ ہم سال 2021 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

مزیدخبریں