قومی اسمبلی میں پھر ہنگامہ ، اجلاس 12 منٹ بعد غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی 

Jan 01, 2022

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی میں دوسرے روز پھر ہنگامہ آرائی ہوئی جس کے باعث اجلاس صرف 12 منٹ بعد ہی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت سے 35 منٹ تاخیر سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت کے بعد ڈپٹی سپیکر نے ایجنڈے کی کارروائی شروع کروانے سے قبل سے پہلے رکن قومی اسمبلی عندلیب عباس کی والدہ کے انتقال پر ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کروائی۔ جماعت اسلامی کے رکن عبدالکبر چترالی نے دعاکروائی جس کے بعد ڈپٹی سپیکر نے وقفہ سوالات شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اسی دوران اپوزیشن ارکان نے احتجاج شروع کر دیا اور پوائنٹ آف آرڈر پربات کرنے کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ وقفہ سوالات کے بعد اپوزیشن کو بات کرنے کی اجازت دوں گا لیکن اپوزیشن ارکان نے کورم، کورم پکارنا شروع کر دیا۔ جس پر ڈپٹی سپیکر نے ایوان کے ماحول کو بھانپتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کرنے کے صدارتی احکامات پڑھ کر سنائے۔

مزیدخبریں