اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو نیب کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے منی لانڈرنگ اور بدعنوانی میں ملوث بڑی مچھلیوں کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بدعنوانی کے ریفرنسز تیار کرکے معزز احتساب عدالتوں میں دائر کیے جنہوں نے فالودے والا، چھابڑی والا اور پاپڑ والے کے نام پر منی لانڈرنگ اور کرپشن کی۔ جو لوگ میڈیا میں اپنی بے گناہی کا دعوی کر رہے ہیں وہ متعلقہ احتساب عدالتوں میں اپنے مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست دائر کریں جہاں معزز احتساب عدالتیں قانون کے مطابق فیصلہ کریں گی۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ نیب کسی بے بنیاد میڈیا رپورٹس اور نیب کے خلاف بطور ادارہ پراپیگنڈا کو خاطر میں لائے بغیر بڑی مچھلیوں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے اپنا قومی فرض ادا کرتا رہے گا۔ نیب نے سینئر سپروائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے جس میں ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر، انویسٹی گیشن آفیسر، لیگل کونسل، مالیاتی ماہر اور محکمہ لینڈ ریونیو کے افسران شامل ہیں جس سے نیب کی کارگردگی میں بہت بہتری آئی ہے ۔ نیب اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کنونشن کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہے، پاکستان سارک انٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی مختلف احتساب عدالتوںمیں 1264کرپشن کیسز زیر سماعت ہیں۔ پاکستان واحد ملک ہے جس نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں ۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ گیلانی اینڈ گیلپ سروے کے مطابق 59فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔