اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ای سی سی کے اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے لیے 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی منظوری دیدی گئی ہے اور یہ رقم پی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے لیے ہوگی۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں وفاقی وزرائ، معاونین خصوصی اور مشیروں سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ای سی سی کی جانب سے اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کے لئے منظور کردہ رقم سے روز ویلٹ ہوٹل کے مالیاتی امور چلائے جائیں گے۔ جبکہ ای سی سی کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی کہ این ایچ اے کا بزنس پلان مرتب کرکے پیش کریں۔ اعلامیہ کے مطابق سمبڑیال سے کھاریاں موٹروے کیلئے 8 ارب روپے، انٹربینک میں ڈالر جمع کرانے والی ایکس چینج کمپنیزکو مراعات کی منظوری دی گئی جبکہ ایک ڈالر انٹر بینک میں ایکس چینج کرانے پر ایک روپیہ اضافی ملے گا۔ اجلاس میں پی آئی اے کی ملکیت روزیلٹ ہوٹل نیویارک کے قرضے کی ادائیگی 31 دسمبر 2024ء تک بڑھا دی گئی ،ہوٹل کے 142 ملین ڈالر کے قرضے اور سود کی ادائیگی 2 سال میں قسطوں میں کی جائے گی ، 5 ضروری اشیاء پر جنوری کے دوران بھی سبسڈی جاری رکھی جائے گی۔ ای سی سی اجلاس میں زرمبادلہ بھجوانے کے مراعاتی پیکج کے تحت ایکسچینج کمپنیوں کے نئے ماڈل، نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے کم لاگت گھروں کے منصوبے میں کمرشل بنکوں کی براہ راست مداخلت ختم کرنے، وزارت میری ٹائم کے ادارے پی این ایس سی کے 19 ذیلی کمپنیوں کیلئے رعائتوں ،وزارت انرجی کی مالی سال کیلئے ضمنی گرانٹ کی سمری کی منظوری دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق وزارت داخلہ کے ہیلی کاپٹرز کی مرمت کیلئے 14.62 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ اور ایف سی کے ڈی آئی خان کے منصوبے کیلئے 431.88 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق این ایچ اے کے 2022 کیلئے بزنس پلان کی منظوری دی گئی۔ سمبڑیال کھاریاں موٹر وے کیلئے 8 ارب کے اضافی فنڈز کی منظوری دی گئی۔ زرمبادلہ بھجوانے کے مراعاتی پیکج کے تحت ایکس چینج کمپنیوں کے نئے ماڈل کی منظوری دی گئی۔ فاطمہ فرٹیلائزر کے شیخوپورہ پلانٹ کیلئے گیس ریٹ کے تعین کی منظوری دی گئی۔ اکتوبر 2021ء سے جنوری 2022ء کیلئے ریٹ 839 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی۔ انٹر بنک میں ڈالر جمع کرانے والی ایکس چینج کمپنیوں کو مراعات کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی
پی آئی اے کیلئے 14کروڑ ڈالر 5اشیاء پر سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری
Jan 01, 2022