حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) ایپکا کی کال پر سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں اور مہنگائی کے خلاف ہڑتال کرتے ہوئے دھرنا دیا اور احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت ایپکا کے ضلعی صدر چودھری نصر اللہ ہنجراء اور سیکرٹری رانا محمد امجد فریدی نے کی۔ ریلی میں عبدالمجید گجر، رانا صدف اعجاز، صہیب حسن مان، عمران فاروقی، ملک شفیق، سمیت مختلف محکموں کے ملازمین نے شرکت کی۔ ریلی ایجوکیشن دفتر سے شروع ہوئی اور مختلف دفاتر سے ہوکر واپس محکمہ تعلیم پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء ریلی نے مہنگائی، آئی ایم ایف اور منی بجٹ کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔ ضلعی صدر اور دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آئے روز منی بجٹ اور مہنگائی سے سب سے زیادہ سرکاری ملازمین متاثر ہو رہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے حالیہ تناسب سے ڈیڑھ سو فیصد اضافہ کیا جائے۔ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر اور زکوٰۃ کے ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو صوبہ بھر کے ملازمین ہڑتال اور احتجاج کرینگے۔