پاک ،افغان دوہرے ٹیکس معاہدے پر مذاکرات کا دوسرا دور مکمل 

Jan 01, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) افغانستان ریونیو ڈیپارٹمنٹ (اے آر ڈی) اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاکستان اور افغانستان کے مابین دوہرے ٹیکس معاہدے (ڈی ٹی اے) پر مذاکرات کا دوسرا دور مکمل کرلیا گیا ۔ افغانستان ریونیو ڈیپارٹمنٹ(اے آر ڈی ) کا چار رکنی وفد 27 دسمبر 2021 سے پاکستان کے دورے پر تھا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت ایف بی آر کے ڈائریکٹر جنرل (انٹرنیشنل ٹیکسز) قیصر اقبال نے کی جنہوں نے مندوبین کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ مجوزہ دوہرا ٹیکس معاہدہ دونوں برادر ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ مذاکرات انتہائی خوشگواراوردوستانہ ماحول میں ہوئے۔ دونوں وفود نے اسلام آباد میں 28 سے 30 مارچ 2016 تک ہونے والے مذاکرات کے پہلے دور کے تمام تصفیہ طلب امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے موقف کو سراہا۔ تاہم اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ غیر حل شدہ مسائل پر بات چیت اور حتمی شکل  مذاکرات  کے تیسرے دور میں کی جائے گی  جو کابل افغانستان میں باہمی طور پرمتفقہ  تاریخوں پر منعقد کیا جائے گا۔افغان وفد کی قیادت عصمت اللہ سلیمی، ریونیو آڈٹ ڈائریکٹر اے آر ڈی کر رہے تھے اور افغان وفد میں عبدالولی نوری ،ٹیکنیکل ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اے آر ڈی، ندا محمد صدیقی، لیگل سروسز  ڈائریکٹر اے آر ڈی اور نجیب اللہ احمدزئی، مشیر برائے وزارت خزانہ  بھی شامل تھے ۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایف بی آر کے ڈائریکٹر جنرل (انٹرنیشنل ٹیکسز) قیصر اقبال کررہے تھے  جبکہ اس میں بیرسٹر نوشیروان خان، چیف (انٹرنیشنل ٹیکسز) اور محترمہ حرا نذیر، سیکریٹری (ٹیکس ٹریٹیز اینڈ کنونشنز) ایف بی آر بھی شامل تھے۔
دوہرا ٹیکس معاہدہ

مزیدخبریں