لاہور (سپورٹس رپورٹر)محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب کے زیراہتمام تونسہ شریف میں رستم پاکستان دنگل کا انعقاد ہوا،35 ہزار سے زائد شائقین نے دنگل کے مقابلے دیکھے۔شاہ سلمان کرکٹ سٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، دنگل میں ورلڈ چیمپئن اور صدارتی ایوارڈ یافتہ پہلوان انعام بٹ نے انٹر نیشنل ریسلر معصب خان نیازی کو چت کرکے رستم پاکستان دنگل جیت لیا۔ دنگل میں عدنان ٹائراں والا نے عمیر پہلوان، مالو پہلوان لاہوریئے نے ماجد داد پوتا اور کلو پہلوان نے مقامی پہلوان کو ہرادیا۔ نومی پہلوان گوجرانوالیا اور عمران مکو، ماما پہلوان لاہوریا اور واجد دستی کے درمیان کشتیاں برابر رہیں۔ مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کے بھائی سردار عمر خان بزدار نے انعامات تقسیم کئے۔ سردار عمر خان بزدار اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان ذیشان جاوید نے انعام بٹ ودیگر پہلوانوں کو گرز دیئے۔سردار عمر خان بزدار نے کہا کہ والی بال، شوٹنگ والی بال ٹورنامنٹس، ہاکی میچ اور دنگل کے انعقاد سے مقامی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے عالمی چیمپئن پہلوان انعام بٹ، عدنان ٹائراں والا، مالو پہلوان لاہوریا اور کلو پہلوان کو دنگل جیتنے پر مبارکبا دی اور کہا کہ رستم پاکستان دنگل جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے یادگار رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جاوید چوہان نے کہا کہ ملک کے نامور پہلوانوں نے تونسہ شریف میں دنگل میں حصہ لے کر جنوبی پنجاب کے عوام کو اچھی تفریح دی ہے، دنگل کے انعقاد سے نوجوان سپورٹس کی جانب آئیں گے۔