لاہور(سپورٹس ڈیسک )آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ پر کرونا وائرس کے کاری وار جاری ہیں جس کی وجہ سے کرکٹ آسٹریلیا نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔میلبورن سٹارز سپورٹ سٹاف میں سے ایک شخص کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور میچ ملتوی کر دیا گیا تھا جس کے بعد پی سی آر ٹیسٹ کرائے گئے اور ان پی سی آر ٹیسٹ میں 7 کھلاڑیوں اور 8 سپورٹ سٹاف کے ارکان کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے۔ سڈنی تھنڈرز کے بھی چار کرکٹر کے کروناٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، متاثرہ افراد سات روزہ آئسولیشن مکمل کر رہے ہیں۔ ایشیز سیریز پر بھی کرونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر ٹریوس ہیڈ کروناکا شکار ہو گئے ہیں اور وہ آسٹریلیا کو چوتھے ٹیسٹ کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ انگلینڈ کیمپ میں سات افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں۔ معمول کے ٹیسٹ میں ٹریوس ہیڈ کرونا کے شکار پائے گئے ہیں، دوسرے تمام کرکٹرز ، سٹاف اور فیمیلیز کے مزید ٹیسٹوں کی وجہ سے میلبورن سے سڈنی کی چارٹر فلائٹ میں تاخیر ہو گئی ہے۔