لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ 2021 میں پاکستان ٹیم کو کئی باصلاحیت کھلاڑی ملے ہیں۔ ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اورکہا کہ ہمارے لیے یہ شاندار سال رہا، اس سال ٹیم کی مجموعی اور لڑکوں کی انفرادی کارکردگی بہترین رہی۔ محمد رضوان، شاہین آفریدی ،حسن علی نے رواں سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ عبداللہ شفیق، شاہنواز دہانی اور وسیم جونیئر کی صورت میں بہترین کرکٹر ملے۔ یہ معنی نہیں رکھتا کہ آپ اپنے سفر کا آغاز کیسا کرتے ہیں، معنی یہ رکھتا ہے کہ آپ سفر اختتام کیسے کرتے ہیں؟۔ 2021 کا شاندار لمحہ ٹی 20 ور لڈکپ میں بھارت کیخلاف کامیابی تھی، روایتی حریف کو ہرا کر تاریخ بدلنے پربہت خوش ہوا، سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے شکست اس سال کا دل توڑنے والالمحہ تھا۔ کوشش یہی تھی کہ ہر میچ میں حریف ٹیم پر اثر ڈالیں، مختلف میچز میں مختلف پلیئر آف دی میچز بہترین مومنٹم کی جھلک تھی۔قومی ٹیم کے کپتان نے شائقین سے ٹیم کوسال 2022میں بھرپور سپورٹ کرنیکی درخواست کی ۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے کہا کہ 2021 پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے بہت شاندار رہا، ٹیم نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور باہمی سیریز میں عمدہ پرفارم کیا۔ انفرادی طور پر بھی قومی کرکٹرز کی پرفارمنسز غیر معمولی رہیں، اب دعا ہے کہ 2022 میں بھی پاکستان ٹیم اور کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی رہے۔ کوشش ہے 2021 میں جو غلطیاں ہو ئی 2022 میں نہ کروں اور تسلسل کیساتھ پرفارم کروں ۔ ورلڈ کپ کھیلنا ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے، 2022ء میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ہو رہا ہے ہدف ٹیم کا حصہ بننا ہے۔ٹیسٹ اوپنر عمران بٹ نے کہا کہ 2022ء میں مختلف نظر آؤنگا، ٹیم میں کم بیک کرنا ہے، بنیادی چیزوں کو فوکس کر رہا ہوں۔ تسلسل کیساتھ پرفارم کروں گا۔ میرا ہد ف ہے کہ 2022ء میں پاکستان میں جو سیریز ہونے جا رہی ہیں ، ان کا حصہ بنوں۔ پاکستان میں بڑی اہم سیریز ہوں گی جوکہ پاکستان کرکٹ کیلئے بہت اچھا ہے۔
ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینا2021ء کا یاد گار لمحہ تھا: بابر اعظم
Jan 01, 2022