کراچی(نیوزرپورٹر)پاکستان نیوی فلیٹ کی سالانہ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ کا انعقاد پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں کیا گیا۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس تقریب کے مہمان ِخصوصی تھے۔نیول چیف نے پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور اہم آپریشنل مقاصد اور سنگ میل کامیابی سے حاصل کرنے پر افسران اور جوانوں کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے خصوصی اقتصادی زون، گوادر بندر گاہ اور سی پیک کی بحری حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان بحریہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ نیول چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ خطے میں بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی حقائق سے پوری طرح واقف ہے اور ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کیلیے پرعزم ہے۔امیرالبحر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی جیواسٹریٹیجک ماحول کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پاکستان بحریہ ہمیشہ چوکنا ہے اور پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاکستان نیوی فلیٹ کے مختلف سکواڈرنز کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس کو ایفیشنسی ایوارڈ شیلڈز دیں۔
ایفیشنسی کمپٹیشن