چڑیا گھر میں ہتھنی مدھو بالا کی 16ویں سالگرہ منائی گئی

کراچی(نیوزرپورٹر)  چڑیا گھر میں موجود ہتھنی مدھو بالا 16 سال کی ہوگئی اس خوشی میں جمعہ کے روز ہتھنی کی 16 ویں سالگرہ چڑیا گھر کے ہاتھی گھر میں منائی گئی، اس تقریب کے مہمان خصوصی ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب تھے جبکہ اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر ریکریشن منصور قاضی, سنئیر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد ،چاک ایونٹ مینجمنٹ کی چیر پرسن صائمہ نفیس،یاسمین یاس، شبیر نازش، ریحانہ احسان ،کرن صدیقی اوردیگرمعروف شاعروں، ادیبوں فنکاروں اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور دیگر مہمانوں کے علاوہ اسکول کے بچوں کی ایک بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے ہتھنی کے کیک کاٹتے ہی ہیپی برتھ ڈے کا گیت گا کر اسے سالگرہ کی مبارک باد دی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کے ایم سی نے ڈھیر سارے بچوں کے ہمراہ اپنے چڑیا گھر کی ہتھنی مدھو بالا کی سالگرہ منفرد انداز سے منائی ہے اور میں نے بچوں کے چہروں پر جو خوشی اور مسکراہٹ دیکھی ہے وہ واقعی قابل تعریف ہے، انہوں نے کہا کہ میں خود بھی ہتھنی مدھو بالا کو اس کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پچھلے ایک ماہ کے دوران کراچی چڑیا گھر میں بڑے اچھے انداز میں کام ہوا ہے نئی انتظامیہ خاصی فعال ہے آج کل بچوں کی چھٹیاں ہیں، ہزاروں کی تعداد میں بچے، بچیاں اور ان کے گھر والے کراچی چڑیا گھر میں بہترین تفریح سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور یہ ہتھنی کی سالگرہ منعقد کرنے کا بہترین موقع تھا، انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی شہر میں رونقیں بحال کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے بہتری کا یہ سفر اسی طریقے سے جاری و ساری رہے گا، کراچی والوں کو خود نظر آرہا ہے کہ جن لوگوں نے ان سے ووٹ لئے انہوں نے کیا کیا اور ہم کیا کر رہے ہیں، کراچی میں رہنے والا ہر فرد کہے گا کہ پچھلے چند مہینوں میں کراچی میں پائیدار ترقی کا دور شروع ہوا ہے اور آج کراچی بہتر سمت میں رواں دواں ہے جہاں تک بلدیاتی قانون کا سوال ہے جن کا دل کالا ہے وہ اسے شوق سے کالا قانون کہتے رہیں اور دھرنے دیتے رہیں مگر وقت ثابت کرے گا کہ یہ قانون کس طرح کراچی میں بلدیاتی نظام کو مضبوط کر رہا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کراچی میں بہتری اور ترقی کے لئے کام کرتی رہے گی، انہوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ تیز کیا جائے گا اور یہاں آنے والے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی کیونکہ چڑیا گھر شہریوں کی تفریح کا بہترین ذریعہ ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کو عوام نے مسترد کردیا ہے، کراچی میں بھی اور دیگر جگہوں پر بھی انہیں اب پشیمانی سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بعدازاں ایڈمنسٹریٹر کراچیr بیرسٹر مرتضی وہاب نے چڑیا گھر کے مختلف حصوں کا دورہ اور وہاں آئے ہوئے لوگوں اور ان کے بچوں سے بات چیت کی۔

ای پیپر دی نیشن