منشیات برآمدگی کیس‘5ملزمان کوقید اور جرمانے کی سزائیں

کوئٹہ ( آئی این پی ) سیشن جج سریاب کوئٹہ  جان محمد گوہرنے منشیات برآمدگی کے مختلف مقدمات میںنامزد 5ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر قید اور جرمانے کی سزائیں سنادی ہیں۔ استغاثہ کے مطابق ملزم فدا محمد کو تھانہ خالق شہید پولیس نے مخبر خاص کے اطلاع پر پاکستان چوک بھوسہ منڈی کے علاقے میںفلڈر گاڑی سے ایک کلو گرام ہیروئن برآمد اور اسے گرفتار کرکے مقدمہ کا چالان عدالت ہذا میں پیش کیا تھا ، گزشتہ روز منشیات برآمدگی کا جرم ثابت ہونے پرعدالت کے جج نے ملزم فدا محمد کو 3سال قید اور 50ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ، عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں ملزم کو مزید ایک ماہ قید بھگتنا ہوگی ۔ عدالت نے بشیر چوک قمبرانی روڈ پر سریاب پولیس کے ہاتھوں 2کلو گرام چرس برآمدگی کے بعد گرفتار ہونے والے ملزم عبدالحمید کو بھی جرم ثابت ہونے پر 2سال قید بامشقت اور 30ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی ، عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں ملزم کو مزید ایک ماہ قید بھگتنا ہوگی ۔ عدالت کے جج نے کلی شاہنواز قبرستان سے نیو سریاب پولیس کے ہاتھوں ایک کلو گرام چرس برآمدگی کے بعد گرفتار ہونے والے ملزم بسم اللہ کو بھی جرم ثابت ہونے پر ایک سال قید اور 30ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی ، عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میںملزم کومزید ایک ماہ قید بھگتنا ہوگی ۔

ای پیپر دی نیشن