مکہ مکرمہ (آئی این پی) عالمی وباء کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر پابندیوں کے دوبارہ نفاذ کے بعد حرمین شریفین میں سماجی دوری کے اسٹیکر پھر لگا دیے گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق حرمین کے امور کی اعلی انتظامیہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نمازیوں کے درمیان جسمانی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے سماجی دوری کی نشانیاں پھر سے لگا دی ہیں ، یہ اْن احتیاطی اقدامات کا حصہ ہے جن کا مقصد نمازیوں کے درمیان فاصلے کو لاگو کرنا ہے ، جس کی وجہ سے نمازوں کے مصلوں کو بھی تقسیم کر دیا گیا ہے ، یہ پیشرفت مملکت میں کرونا وائرس اور اس کی مختلف قسموں کے کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے بعد دیکھنے میں آئی۔بتایا گیا ہے کہ سماجی فاصلے کے دوران سینی ٹائزیشن کا عمل بڑھا دیا گیا ہے، مسجد حرم اور مسجد نبوی میں مختلف حکومتی اداروں ، سکیورٹی اور صحت کے سینکٹروں کے ساتھ فعال شراکت داری کے ساتھ رابطہ کاری سے کام کر رہی ہے، اس کا مقصد ہنگامی صورت حال میں اعلیٰ ترین معیارات اور تیزی کے ساتھ نبرد آزما ہونا ہے۔حرمین کی اعلی انتظامیہ نے تمام لوگوں پر زور دیا ہے کہ معتمرین اور نمازی سب کی سلامتی کی خاطر بھیڑ اور ہجوم کے مقامات سے گریز کریں ، احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں ۔
مسجد حرم پابندی