لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت لاہور میںسخت سردی اور دھند کے باوجودگزشتہ رات 12بجتے ہی سال نو 2023 ء کے موقع پر منچلے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں ٹولیوں کی شکل میں ہلڑ بازی کرتے ہوئے سڑکوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر نکل آئے۔ ون ویلنگ، موٹر سائیکل پر کرتب کرنے کے علاوہ شراب کے نشے میں دھت ہو کر منچلوں کے سڑکوں پر ڈانس بھنگڑے، خواتین سے بدتمیزی، ہیپی نیو ائیر کے نعرے، شور و غل کیا۔ مختلف علاقے ہوائی فائرنگ سے گونج اٹھے۔ پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور متعددمنچلوں کی گرفتاریاں عمل میں آئیں۔ پولیس کا مال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں لاٹھی چارج سے 13منچلے زخمی ہو گئے۔ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے سال کے شروع ہوتے ہی گزشتہ رات 12 بجے منچلے موٹر سائیکلیوں جبکہ فیملیز بھی گاڑیوں پر باہر نکل آئیں۔ مال روڈ، گلبرگ، ڈیفنس، فیروز پور روڈ، جیل روڈ فوٹریس سٹیڈیم سمیت اہم مقامات پر منچلوں نے ہلڑبازی شروع کر دی۔ روڈ بلاک کر کے ڈانس، بھنگڑے اورآتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ٹریفک حادثات میںچند افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے درجنوں منچلوں کو مختلف تھانوں میں موٹر سائیکلیوں سمیت بند کر دیا۔ ان نوجوانوں نے نئے سال کا آغاز تھانوں کی حوالاتوں سے کیا جبکہ سردی کی شدت میں بھی گرفتار منچلوں کے والدین عزیز واقارب تھانوں کے باہر جمع ہو گئے۔ شہری موبائل فونز کے ذریعے اپنے پیاروں کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے رہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں فارم ہاؤسز ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز میں شراب و ڈانس پارٹیاں منعقد ہوئیں۔ شہر کے پوش علاقوں ڈیفنس، ماڈل ٹائون، شادمان، گلبرگ، رائے ونڈ، کینٹ، میں پرائیویٹ طور پر محفلیں سجائی گئیں جبکہ لاہوری اندورن شہر میں بار بی کیو، کھابوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ پولیس ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر پابندی پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہی۔ مال روڈ، لبرٹی، آزادی فلائی اوور، ایم ایم عالم روڈ، ڈیفنس مین بلیوارڈ میں خصوصی دستے تعینات کئے گئے ہیں۔ کراچی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے سال2022ء کے آخری سورج کو الوداع کہنے کیلئے ساحل سمندر کا رخ کیا۔ انتظامیہ نے شہریوں کو 'سی ویو' پر آنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ نئے سال کے موقع پر شہری 'سی ویو' پر سیر و تفریح کیلئے آ سکتے ہیں، ساحل پر کوئی پابندی نہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر کے سی ویو اور دیگر مقامات پر پہنچ گئی اور سال کے آخری سورج کے ڈوبنے کا نظارہ کیا۔ حیدرآباد کے شہریوں کی بڑی تعداد جامشورو کے مقام المنظر پر جمع ہوئی۔ شہریوں نے دریائے سندھ میں پھول ڈال کر سال 2022 ء کے آخری سورج کو الوداع کیا۔ شہریوں نے آخری سورج کے ساتھ تصاویر بھی۔ نئے سال کے آغاز پر ملک بھر کی مساجد میں ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سکھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کیلئے آنے والوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس سال ہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ دوسری جانب جانشین مفتی اعظم پاکستان حضرت مفتی محمد ابراہیم قادری، تنظیمات اہلسنت سکھر کے چئیرمین مشرف محمود قادری و دیگر نے اپنے پیغامات میں کہا کہ نیا سال ملک سے نفرتوں کے خاتمے کا ہوگا اور اپنے ارض پاک کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آتش بازی، فئرنگ ڈھول دھماکوں سے اجتناب کر کے نئے سال کا استقبال عبادات کے ساتھ کریں۔ دوسری جانب آسٹریلیا میں نئے سال کی آمد پر سڈنی ہاربر پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ سال نو 2023ء کا استقبال کرنے کیلئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
نیا سال
نیا سال شروع‘ 12 بجتے ہی جشن‘ منچلوں کی ہلڑ بازی‘ ہوائی فائرنگ‘ 13زخمی
Jan 01, 2023