ظٖلم کی شام ڈھل چکی‘ جلد سویرا ہو گا نئے سال پر نواز شریف کا پیغام بھارتی وزیراعظم اور اہلخانہ سے تعزیت

Jan 01, 2023


اسلام آباد (خبر نگار) قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت نے احتساب کے نام پر ظلم و زیادتی کی اب ظلم کی شام ڈھل چکی جلد نیا سویرا ہوگا۔ قوم کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرا دل قوم کے ساتھ دھڑکتا ہے کوئی دن کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ نواز شریف نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ نیا سال امید سحر لائے پاکستان ترقی امن اور استحکام کی منازل طے کرے، بہت جلد قوم کے ساتھ مل کر خوشی کے دن پھر سے منائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے احتساب کے نام پر ظلم و زیادتی کی۔ ظلم کی شام ڈھل چکی، جلد نیا سویرا ہوگا۔ مشکل وقت میں زیادتیاں سہنے والے جانثاروں کو فراموش نہیں کرسکتے۔ دریں اثناء نواز شریف کی بھارتی وزیراعظم مودی سے والدہ کی وفات پر تعزیت کی ہے۔ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی۔ نواز شریف نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی والدہ کی موت پر بہت دکھ ہوا انہوں نے کہا کہ اس ناقابل تلافی نقصان پر نریندر مودی اور ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
نواز شریف

مزیدخبریں