پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بر قرار عالمی منڈی میں اضافے کے باوجود نرخ نہیں بڑھا رہے اسحاق ڈار

Jan 01, 2023



اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے  آئندہ 15 روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ 15 روز کیلئے پٹرول و ڈیزل کی موجودہ قیمتیں ہی برقرار رہیں گی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم سے 15 جنوری تک پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رہیں گی، پٹرول کی قیمت 214 روپے 80 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی جبکہ ڈیزل کی قیمت 227.80 روپے فی لیٹربرقرار رہے گی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مٹی کے تیل کی قیمت 8 روپے 76 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی لیکن مٹی کے تیل کی قیمت 171 روپے 83 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 169 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ موسم کو سامنے رکھتے ہوئے اور وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت ان دونوں مصنوعات پر لیوی کم کرے اور موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھا جائے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ لائٹ ڈیزل آئل ٹیوب ویل اور مٹی کا تیل کم ترین آمدنی والے افراد کے استعمال میں ہے۔ اس لئے ان چیزوں کو مدنطر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ 15 جنوری تک قیمتیں برقرار رہیں گی۔
پٹرول‘ ڈیزل

مزیدخبریں