لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی۔ پنجاب احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کرونا کی ساتویں لہر کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کا آغاز کر رہے ہیں۔ سیلاب، امراض اور آفات کی پیشگی اطلاع کا سسٹم نصب کریں گے۔ 3 مقامات پر آفات کی پیشگی نشاندہی کیلئے ارلی وارننگ سسٹم نصب کئے جا رہے ہیں۔ ارلی وارننگ سسٹم نصب ہونے سے سیلاب کے نقصانات اور تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے بروقت اقدامات ممکن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ پنجاب نے اپنے وسائل اور ٹیلی تھون سے جمع شدہ عطیات کے ذریعے متاثرین کو امداد دی۔ سیلاب متاثرین میں 5 ارب روپے سے زائد تقسیم ہو چکے ہیں اور 36 ہزار متاثرہ خاندانوں کو ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے۔ گھروں کی تعمیر کے لئے بھی سیلاب متاثرین کی مالی معاونت کی گئی ہے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل اور عمران خان کی ٹیلی تھون سے جمع ہونے والی رقم سے سیلاب متاثرین کی آبادکاری کی ہے۔ 55 ہزار سے زائد مکمل اور جزوی طور پر تباہ شدہ گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ پنجاب میں سیلاب کے بعد سب سے پہلے راجن پور پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ پنجاب حکومت نے سندھ کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ایک ارب روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مری اور دیگر مقامات پر سیاحوں کی سہولت کیلئے بارش اور برفباری کے دوران خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ بیرون ملک خاص طور پر چین سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سال نو پر سیاحتی مقامات خصوصاً مری میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کا حکم دیا اور مری میں اوور چارجنگ اور غیر معیاری اشیاء خوردو نوش کی فروخت کے سدباب کی ہدایت کی ہے۔ پرویز الٰہی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مری جانے والے راستوں پر مقرر ہ تعداد سے زائد گاڑیوں کو داخلے کی قطعاً اجازت نہ دی جائے اور انتظامیہ اور ٹریفک حکام ملکر موثر ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ سینئر پولیس افسران ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں۔ دریں اثناء پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں فیصل آباد پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں صدر پریس کلب شاہد علی، سینئر صحافی سید خاور عباس، سیکرٹری عزادارعابدی اور ممبر و کالم نگار رانا اقبال حسین شامل تھے۔ ملاقات میں فیصل آباد میں صحافی کالونی کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کی پرائم لوکیشن پر 190کنال اراضی صحافی کالونی کے لئے مختص کی گئی ہے۔ کابینہ صحافی کالونی کیلئے مختص اراضی پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے نام ٹرانسفر کرنے اور 25کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دے چکی ہے۔ فیصل آباد پریس کلب کو سالانہ گرانٹ بھی دی جائے گی۔
پرویزالٰہی
کرونا حفاظتی اقدامات شروع کر رہے سیلاب کا پیشگی اطلاع سسٹم نصب کریں گے پرویز الہی
Jan 01, 2023