بیجنگ (شِنہوا)چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اور روس کو دونوں ممالک کے عوام کے فائدہ اور دنیا میں مزید استحکام کے لیے اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط کرنا ہوگا۔روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والی ملاقات میں چینی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان معیشت، تجارت، توانائی، مالیات اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں پیش رفت کے لیے موجودہ میکانزم کے مزید بہتر استعمال پر زوردیا۔شی نے کہا کہ ان کا ملک روس اور دیگر ممالک کے ساتھ معمول کے سرحدی سفر کومنظم انداز میں دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ صدر شی نے کہا کہ چین روس اور دنیا کی تمام ترقی پسند قوتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے جو تسلط پسندی اور طاقت کی سیاست کے خلاف کھڑی ہیں تاکہ یکطرفہ، تحفظ پسندی اور دھونس وجبر کا مل کر مقابلہ کیا جاسکے اور دونوں ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور ترقی کے مفادات کے علاوہ عالمی مساوات اور انصاف کا تحفظ کیا جا سکے۔اس موقع پر پیوٹن نے کہا کہ موجودہ پیچیدہ اور سنگین بین الاقوامی صورتحال میں، روس اور چین کے تعلقات نے ترقی کی مستحکم رفتار کو برقرار رکھا ہے، جس میں توانائی، زراعت، نقل و حمل، بنیادی ڈھانچے، کھیلوں اور عوام کے درمیان تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں مسلسل پیش رفت ہوئی ہے۔