لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے اور بزرگ سیاستدان سردار جعفر خان لغاری دل کا دورہ پڑنے سے لاہور میں انتقال کر گئے۔ ذرائع کے مطابق سردار جعفر خان لغاری کا انتقال گزشتہ صبح 8 بجے ہوا۔ وہ طویل عرصہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ سردار جعفر خان لغاری جام پور کے حلقہ این اے 193 کے منتخب ایم این اے تھے۔ مرحوم کی نمازجنازہ 24 گلبرگ لاہور میں ادا کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سردار جعفر لغاری مرحوم کی اہلیہ مینا لغاری کو فون کیا اور ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سردار جعفر لغاری مرحوم سے عزت و احترام کا رشتہ تھا۔ سردار جعفر لغاری کی سماجی و سیاسی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔