لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہورافضال احمد کوثر نے کہا ہے کہ شرپسندوجرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے لاہور پولیس دن رات کوشاں ہے۔ شہر لاہور کو کرائم فری سٹی بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔نئے سال کے دوران بھی انتظامی سطح پر بہترین کارکردگی کے ذریعے عوامی توقعات پر پورا اتریں گے۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے آپریشنز ونگ کی سال 2022کی کارکردگی کے اعداد و شمار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف جرائم میں مطلوب70ہزار 529ملزمان گرفتار کئے گئے۔ 692ڈکیت گینگز کے1614 ممبران گرفتارکئے گئے۔ملزمان کے قبضہ سے 10کروڑ75لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ریکوری کر کے ورثاء کو دی گئی۔25ہزار856 اشتہاری و عادی مجرمان گرفتار کئے گئے ۔ ناجائز اسلحہ کیخلاف گرینڈ آپریشن کے دوران6472ملزمان گرفتارکر کے 47 کلاشنکوف،538 رائفلز،230 بندوقیں،5441 پسٹلز،6کاربین اور35ہزارسے زائد گولیاں برآمدکی گئیں۔9184 منشیات فروش گرفتار کر کے 16کلو 946گرام آئس، 54کلوگرام سے زائد ہیروئن،4042کلوگرام چرس،146کلوگرام افیون اور73431 بوتلیں شراب برآمد کی گئیں۔ قمار بازی میں ملوث4509 ملزمان گرفتار کر کے 1کروڑ روپے سے زائد ٹکڑی رقم برآمدکی گئی۔قحبہ خانوں کیخلاف کارروائی کے دوران585 مقدمات درج کر کے 1994 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کیخلاف 986مقدمات درج کئے گئے۔ ون ویلنگ میں ملوث2373، پتنگ بازی6578، گداگری 3918، پرائس کنٹرول5099، میرج ایکٹ36، فارنرز 18 جبکہ لاؤڈاسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2878 ملزمان گرفتار کئے گئے۔