کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت غربا اہلحدیث پاکستان و رئیس جامعہ ستاریہ اسلامیہ مولانا عبدالرحمن سلفی نے کہا ہے کہ نئے سال کی آمد پر فائرنگ اور اعلی سطح پر ہوٹلوں میں ہونے والی بے حیائی و فحاشی پر مبنی جشن منانے پر حکومت کی خاموشی انتہائی تکلیف دہ عمل ہے حکومت بھی ان سب بد اخلاق کاموں میں ملوث ہے اس قسم کے مادر پدر آزادی کا اسلام مخصوص نظریہ پر وجود میں آنے والے اس ملک میں کوئی گنجائش نہیں۔ مولانا عبدالرحمن سلفی سے کے پی کے امیر مولانا عبدالعزیز نورستانی پنجاب کے امیر مولانا زاہدہاشمی الازہری نے گذشتہ روز مرکز اہلحدیث میں ملاقاتیں کیں اس موقع پر مولاناعبدالرحمن سلفی نے کہاکہ ہمارا معاشرہ تیزی سے مغربی آزاد معاشرہ کی نقالی میں مبتلا ہوتا جارہا ہے اور نوجوان نسل کو ایک سازش کے تحت بے حیائی، فحاشی ودیگر غیر اخلاقی امور کیجانب لے جایا جا رہا ہے جو کہ تشویش ناک ہے اس ملک کی اخلاقی وتہذیبی اقدار مجروح ہو رہی ہے اور معاشرہ بے مقصد و بے راہ روی کا شکار ہو رہا ہے علماکرام نے کہا دنیاوی طور پر ہم کامیابی صرف اسلام کے اخلاقی و تہذیبی اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ہی حاصل کرسکتے ہیں جس کے لیے ہمیں اسلام کی تعلیمات کی روشنی میں اپنا عمل و کردار کو اپنانا ہوگا تاکہ ہم صحت مند و کامیاب زندگی گزار سکیں مغربی نقالی کا بڑھتا ہوا رجحان ہمارے معاشرہ کے لیے سخت خطرہ کا باعث بنتا جارہا ہے ریاست علما کرام اور میڈیا کو اس جانب توجہ دینا چاہئے اور اس کے بطور قوم نقصان سے آگاہ کرنا چاہئے نیوائیر کے نام سے ہونے والی تقریبات اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہیں لہذٰا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوان نسل کو اس غیر اخلاقی وغیر اسلامی فعل سے ہر ممکن محفوظ رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
سال نو پر ہلڑ بازی ‘ہوٹلوں میں بے حیائی پر حکومتی خاموشی تکلیف دہ ہے‘ مولانا عبدالرحمن سلفی
Jan 01, 2023