کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ طالب علم ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی سب سے واضح دلیل ہیں اس ضمن میں 1991 ء میں قائم ہونے والے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں طب کے شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے 8 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میںطالب علموں میں اسناد اور گولڈ میڈلز تقسیم بھی کئے۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی و چیئرمین گورننگ باڈی کے ایم ڈی سی ڈاکٹر سیدسیف الرحمان ، میونسپل کمشنر شجاعت حسین ،پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نرگس انجم سمیت دیگربھی موجو د تھے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر آپ سب کے درمیان موجود ہونے پر مجھے خوشی ہے آج طالب علموں کے ساتھ ان کے والدین بھی مبارکباد کے مستحق ہیں، طالب علم اپنے والدین کی قربانیوں کا احساس کریں ۔انہوں نے کہاکہ ہر محب وطن پاکستانی اس ملک کے مستقبل کے لئے کوشاں رہتا ہے آج جدید و ترقی یافتہ ،مستحکم و خوشحال پاکستان کے خواب کی تعبیر میرے سامنے موجود ہیںبلاشبہ نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سب سے بڑے ضامن ہیںانشااللہ یہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرکے پوری قوم کا فخر ثابت ہوں گے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بس مایوس نہیں ہونا، ہمت، حوصلے اور جوان جذبوں سے حالات کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ رکھنا ہے ۔