کنری( نامہ نگار) عمرکوٹ ضلع میں رواں سال بھی خود کشی کے واقعات میں کمی نہ آسکی۔ 20 خواتین سمیت 45 افراد نے اپنے ہاتھوں سے زندگی کا دیا بجھا دیا۔ تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ میں رواں سال بھی خود کشی کے واقعات میں کمی نہ آسکی۔ ایس ایس پی آفس عمرکوٹ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کے دوران ضلع میں خودکشی کے 45 واقعات ہوئے جس میں سے صرف دو واقعات رپورٹ ہوئے اور 43 واقعات رپورٹ نہیں کرائے گئے۔خودکشی کرنیوالوں میں 20 خواتین اور 25 مرد شامل ہیں، جن میں 35 شادی شدہ اور 10 غیر شادی شدہ تھے، 15 سے 20 سال کے 09 جبکہ 21 سے 40 سال کے 31 اور 40 سے 60 سال سے زائد کے پانچ افراد شامل ہیں۔ مرنے والوں میں 06 مسلمان اور 39 غیر مسلموں ہیں ۔ 45 واقعات میں سے 40 واقعات میں مرنے والے نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کی ہے سماجی تنظیم ہیومین رائٹس فاؤنڈیشن کے مطابق زیادہ تر خودکشی کرنے والوں کے لواحقین پولیس کو کارروائی سے روک دیتے ہیں اور واقعے کو ذہنی توازن درست نہ ہونے کا جواز بنا کر اتفاقی حادثہ قرار دے دیتے ہیں۔