ایف بی آر کے ٹیکس محصولات میں 225 ارب روپے کی کمی ریکارڈ

Jan 01, 2023 | 17:09

ویب ڈیسک

اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے گزشتہ برس کے آخری مہینے میں ٹیکس محصولات میں 225 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی  ہے۔

تفصیلات کے مطابق دسمبر 2022 میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے طے شدہ ہدف سے 225 ارب یا 24 فیصد کم ٹیکس جمع کیا جبکہ عارضی محصولات کی وصولی کا ہدف 965 ارب کے مقابلے میں دسمبر میں 740 ارب رہا جو 23 اعشاریہ 23 فیصد کا اضافہ ہے۔

گزشتہ برس کے اسی عرصے میں 650 ارب روپے عارضی محصولات وصول ہوئے تھے۔ آئندہ چند روز میں ایڈجسٹمنٹ کے بعد ایف بی آر کی جانب سے سرکاری خزانے میں مزید اربوں جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔ پہلی ششماہی میں 36 کھرب 46 ارب کا ہدف رکھا گیا تھا۔پہلی ششماہی کے دوران ٹیکس آمدن میں 17 فیصد کا اضافہ ظاہر کیا گیا۔ جولائی سے دسمبر تک ٹیکس کی مد میں آمدن 17 فیصد بڑھی  جبکہ گزشتہ برس کے اسی عرصے میں ٹیکس آمدن 29 کھرب 29 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔فلڈ لیوی کے تحت حکومت درآمدی مرحلے میں دوسری ششماہی کے دوران 60 ارب روپے کی رقم اکٹھی کرنے کیلئے تیار ہے جسے پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں کمی کے مد میں تشکیل دیا جائے گا جبکہ ایف بی آر لیوی کو حکومت کیلئے جمع کرنے کا فریضہ سرانجام دے گا۔

مزیدخبریں