اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے منگل کو وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔یہ ٹیلی فونک گفتگو حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے حلقہ بندیوں کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے درمیان ثالثی کا فیصلہ کرنے کے بعد ہوئی ہے۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے مرکز اور سندھ حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے مسلم لیگ ن کو صاف کہہ دیا ہے کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے بغیر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بے معنی ہوگا۔ایم کیو ایم نے یہ شکایت بھی کی کہ پیپلز پارٹی کی زیرقیادت سندھ حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم نہیں کی۔ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں نے پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے رابطہ کیا ہے .تاکہ انہیں حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا جا سکے۔