اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے 380 کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں۔ ہماری شروع سے درخواست تھی کہ جوڈیشل افسران لیے جائیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بعض لوگوں کے تکنیکی بنیاد پر کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صنم جاوید کے کاغذات پر اعتراض کرنے والے کو پتہ ہی نہیں تھا کہ اس کا اعتراض کیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ میں بھی درخواست دائر کریں گے۔ امید ہے کہ عدلیہ معاملے میں مداخلت کرے گی۔ ریٹرننگ افسران کو غیر جانبدار رہنے کا حکم دینا سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے۔ ملک بھر میں ریاستی مشینری تحریک انصاف کے امیدواروں کے خلاف متحرک ہے اور تجویز و تائید کنندگان یا خود امیدواروں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے 380 کاغذات مسترد، بائیکاٹ نہیں ہو گا، سپریم کورٹ جائیں گے: بیرسٹر گوہر
Jan 01, 2024