دعا کرتا ہوں آنے والا سال پاکستان کیلئے خوشحالی، سیاسی اور معاشی استحکام لائے‘ صدر علوی

Jan 01, 2024

اسلام آباد ( خبرنگار خصوصی )  صدر مملکت عارف علوی نے سال نو کے آغاز پر پوری پاکستانی قوم، امت مسلمہ اور عالمی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا گزرے سال کو الوداع اور سال نو کی صبح کو خوش آمدید کہتے ہوئے میں اللہ تعالی کے حضور دعا کرتا ہوں کہ آنے والا سال پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کیلئے خوشحالی، سیاسی اور معاشی استحکام لائے۔  نئے سال کے آغاز پر ہمیں فلسطین میں اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو اسرائیلی افواج کے وحشیانہ حملوں کا مسلسل سامنا کر رہے ہیں۔ میں عالمی برادری پر زور دیتا ہوں کہ وہ غزہ میں نسل کشی روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور فلسطین میں منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے کام کرے۔ اسی طرح میں غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے بارے میں فکر مند ہوں جو قابض بھارتی افواج کے مظالم اور طویل ترین محاصرے کا سامنا کر رہے ہیں۔ عالمی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ عالمی برادری ان دیرینہ تنازعات کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔     اس موقع پر میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کاوشوں اور امت کے اندر اتحاد و اتفاق کی دعا بھی کرتا ہوں۔  آج کے دن ایک خوشحال مستقبل کا تصور لیے میں پاکستان میں معاشی ترقی، بین المذاہب ہم آہنگی، درگزر، رواداری اور باہمی احترام کی دعا کرتا ہوں۔ اللہ کرے کہ سال 2024  نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے مثبت تبدیلیوں کا سال ہو۔     آئیں! سال نو کا استقبال اس امید اور عزم کے ساتھ کریں کہ ہم ایک ایسی دنیا کی تعمیر کریں گے جہاں تنازعات اور جنگیں نہ ہوں اور جہاں انصاف، امن، خوشحالی اور ہمدردی کا دور دورہ ہو۔      آپ سب کو نیا سال مبارک ہو!

مزیدخبریں