لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چوہنگ کے علاقے میں تین افراد کے قتل میں ملوث ملزمہ نے دوران تفتیش تہلکہ خیز انکشافات کیے۔ پولیس کے مطابق بتایا کہ ملزمہ فرح نے 2010 میں اپنے پہلے خاوند کو بھی راولپنڈی میں قتل کروایا تھا۔ ملزمہ نے اپنے سابق خاوند کو موجودہ خاوند کی مدد سے قتل کروایا تھا اور قتل کے بعد ملزمہ نے وقار سے شادی کرکے سابقہ خاوند کی جائیداد پر قبضہ کرلیا تھا۔ 13 سال بعد ملزمہ نے ارسلان نامی نوجوان کے ساتھ ملکر موجودہ خاوند کے قتل کا منصوبہ بنایا لیکن خوش قسمتی سے وقوعہ کے روز اس کا خاوند گھر پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے بچ گیا۔ ملزمہ نے ارسلان کے ساتھ ملکر ساس، سسر اور نند کو قتل کرنے کے بعد جلا دیا۔ ملزمہ خاوند اور اس کے خاندان کو قتل کرکے ملزم ارسلان سے تیسری شادی کرنا چاہتی تھی۔ واضح رہے کہ تین روز قبل چوہنگ کے علاقے شاداب کالونی میں 3 افراد کو گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد گھر کو آگ لگا دی گئی تھی۔