حکومت ترقی کیلئے ’’ہنر مندقوم‘‘کے سلوگن پر توجہ مرکوز کرے: اعجا زالرحمان  

Jan 01, 2024

لاہور( کامرس رپورٹر)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرپرسن اعجا زالرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو ہنر سیکھنے کی جانب راغب کرنے کیلئے سہولیات کے ساتھ مہنگائی کے تناسب سے وظائف دے۔ نوجوان نئے آئیڈیاز تخلیق کرنے کی جانب توجہ مرکوز کرکے اپنے معاشی مستقبل کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔حکومت ترقی کیلئے ’’ہنر مندقوم‘‘کے سلوگن پر توجہ مرکوز کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ٹی آئی میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اعجاز الرحمان نے کہا کہ کارپٹ مصنوعات کے ڈیزائنوں میںجدت لانے کیلئے ریسرچ پر توجہ دی جائے اور اس کیلئے انٹر نیٹ سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ ہر سال لاکھوں نوجوان مارکیٹ میں آرہے ہیں جنہیں پبلک سیکٹر میں روزگار کی فراہمی نا ممکن ہے۔ حکومت نوجوانوں کے ذہنی رجحان کو دیکھتے ہوئے لائحہ عمل تیار کرے۔ ہنر سکھانے والے اداروں کی بھرپور معاونت ،میٹرک کے بعد ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ہنر سیکھنے کی جانب راغب کرنے کیلئے سہولیات کے ساتھ مقررہ وظائف میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ ، نوجوانوں کو بیرون ممالک جدید ہنر سکھانے کیلئے سکالر شپ اورتربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو روزگار کی فوری فراہمی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کیساتھ جوائنٹ ونچر کیا جائے۔ دنیا کی مانگ کو درکار مد نظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کوجدید ہنر سے آراستہ کرنا ہوگا اوراس کے بعد انہیں روزگار کی فراہمی کیلئے تعاون اور معاونت فراہم کی جائے۔

مزیدخبریں