ٹیکس دہندگان میں اضافہ کیلئے مہم،اثاثوں پر ویلتھ ٹیکس ضروری :تحسین شریف 

لاہور( کامرس رپورٹر) ایف بی آر تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلے تو ٹیکس گوشواروں کی تعداد2کروڑ اور ٹیکس آمدن کو 20ہزار ارب تک لے جایا جا سکتا ہے۔ اثاثوں پر ویلتھ ٹیکس لگانے کی اشد ضرورت ہے۔ ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافے کیلئے بھرپور آگاہی مہم شروع کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار ٹیکس ماہرین نے لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی جانب سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں امیدوار برائے سیکرٹری رائوتحسین شریف کی حمایت کے لئے منعقدہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر لاہور ٹیکس بار زاہد پرویز ،جنرل سیکرٹری اعجاز بھٹی،نائب صدر رانا کاشف ولائت،جوائنٹ سیکرٹری چودھری اصغر جالندھری،فنانس سیکرٹری عامررحمان،جمیل اختر بیگ،چودھری قمرالزمان،طاہر محمود بٹ،سینئر نائب صدر انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشنملک جلیل اعوان ایڈووکیٹ ،جنرل سیکرٹری اسحاق بریارا،فنانس سیکرٹری شیخ عدیل اور دیگر بھی موجود تھے۔مقررین نے کہا کہ ملک میں امیر امیر تراور غریب غریب تر ہو رہے ہیں ،جو ٹیکس اشرافیہ سے لے کر غربت کے خاتمے پر لگنا چاہیے وہ سود کی ادائیگیوں میں چلا جاتا ہے اس لیے اب سب کو اپنی آمدن پرایمانداری سے پورا ٹیکس دینے کی ضرورت ہے،ٹیکس آمدن میں اضافے سے ہی معیشت کی بہتری ممکن ہو سکتی ہے ،آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کا واحد طریقہ بھی ٹیکس آمدن میں اضافہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن