کراچی+دبئی (سپورٹس ڈیسک+ریڈیو مانیٹرنگ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹیو بورڈنے سابق آسٹریلوی وزیراعظم جان ہاورڈ کی بطورنائب صدرنامزدگی کومستردکردیا جس کے بعد گورننگ باڈی نے آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ کو نائب صدرکے عہدے کیلئے 31 اگست تک نیا امیدوارنامزد کرنے کو کہا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدرکی حیثیت سے انگلینڈ کے ڈیوڈ مورگن کے عہدے کی میعاد آج ختم ہورہی ہے۔ یکم جولائی سے بھارت کے شرد پواردوسالہ مدت کیلئے آئی سی سی کے صدر کاعہدہ سنبھال لیں گے جبکہ نائب صدر کا عہدہ دو ماہ خالی رہے گا۔ ایگزیکٹیوبورڈ کے دس میں سے چھ ایشین اور افریقی ممالک پاکستان،بھارت،سری لنکا،بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ نے جان ہاورڈکو نائب صدر بننے سے روکنے کےلئے گزشتہ روز ہی آئی سی سی کے صدرکوخط لکھ دیا تھا، لیکن حیران کن طورپرہاورڈ کی سب سے زیادہ مخالفت کرنےوالے ملک زمبابوے نے اس خط پردستخط نہیں کئے جس کی جان ہاورڈ بطور وزیراعظم سخت مخالفت کرتے رہے اور 2007ءمیں تو انہوں نے آسٹریلوی ٹیم کے دورہ زمبابوے پر پابندی بھی عائد کردی تھی۔ ممبران ممالک کی جانب سے جان ہاورڈ کو ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس سے قبل اپنی نامزدگی واپس لےنے پر مجبور کرنے کے لئے یہ قدم اٹھایا گیا تھا۔سنگاپور میں آئی سی سی ایگزیکٹیوبورڈ میٹنگ میں ہاورڈ کی تقرری کے معاملے پرطویل بحث ہوئی، لیکن سابق آسٹریلوی وزیراعظم سر توڑ کوششوں کے باوجود ایگزیکٹیوبورڈ کے مطلوبہ ارکان کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ انہیں عہدہ سنبھالنے کیلئے ایگزیکٹیوبورڈ کے لئے سات ارکان کی حمایت درکارتھی۔آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مشترکہ امیدوار کی حیثیت سے جان ہاورڈ اگر کامیاب ہو جاتے تو انہیں یکم جولائی سے آئی سی سی کے نائب صدر اور 2012ءمیں شرد پوارکے بعد صدر کا عہدہ سنبھالناتھا۔