جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں سابق عالمی نمبرایک روس کے مریا شراپووا نے سیبائین لیسیسکی کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزازحاصل کیا۔ انہوں نے اس میچ کا پہلا سیٹ چھ چار سے جیتا جبکہ انہیں دوسرے سیٹ میں چھ تین سے کامیابی ملی۔ روسی ٹینس سٹاراس ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کررہی ہیں اورانہوں نے ابھی تک ایک بھی سیٹ نہیں ہارا۔ مریا شراپووا نے دوہزارچار میں صرف سترہ برس کی عمر میں ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت کر ہلچل مچا دی تھی۔ فائنل میں مریا شراپووا کا مقابلہ چیک ری پبلک کی اکیس سالہ پیٹرا کویٹا سے ہوگا جو اپنے کیریئرکا پہلا گرینڈ سلام فائنل کھیل رہی ہیں۔ دوسری طرف مردوں کے پہلے سیمی فائنل میں عالمی نمبر دو سربیا کے نووک یوکووچ نے فرانس کے جو ویلفریڈ سونگا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ انہوں نے اس میچ میں سات چھ، چھ دو، چھ سات اور چھ تین سے کامیابی حاصل کی۔ وہ اس کامیابی کے بعد پہلی بار عالمی نمبر ایک کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔