کولمبو میں جاری میچ کے دوسرے روز پاکستان نے پہلی اننگز ایک وکٹ پر تین سو چونتیس رنز سے شروع کی تو اظہر علی اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں دوسو ستاسی رنز بنائے۔ محمد حفیظ صرف چار رنز کی کمی سے ڈبل سنچری نہ بنا سکے اور ایک سو چھیانوے رنز پر رنگانا ہیراتھ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اظہرعلی نے اپنے کیریئر کی تیسری اور سری لنکا کے خلاف دوسری ٹیسٹ سنچری بنائی اور ایک سو ستاون رنز بناکر پویلین لوٹے۔ تجربہ کار بلے باز یونس خان بتیس رنز بناکر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ بارش کے باعث کھیل کو متعدد بار روکنا پڑا اور پورے دن صرف چوالیس اوورز کا کھیل ہوسکا۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان کا سکور چار وکٹوں کے نقصان پر چارسو اٹھاسی رنز رہا۔ مصباح الحق انتیس جبکہ اسد شفیق ایک رنز کیساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ہیراتھ نے دو جبکہ رندیو اور میتھیوز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔