لاہور(سپورٹس رپورٹر) ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ٹورنامنٹ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں کھیلے جا رہے ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں انگلینڈ نے کھیل کے 13 ویں منٹ میں اولیور کے گول کی مدد سے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تاہم پانچ منٹ کے وقفہ کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان ایم عمران نے پنلٹی شاٹ پر گول کر کے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ کھیل کے 25 ویں منٹ میں انگلینڈ کی ٹیم نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے ایک مرتبہ پھر میچ میں برتری حاصل کر لی۔ پہلے ہاف کے خاتمے پر انگلینڈ کو دو ایک سے سبقت حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں پاکستان ٹیم نے گول کیپر کو تبدیل کر کے عمران بٹ کو میدان میں اتارا جس نے شاندار کھیل پیش کیا۔ میچ کے 50 ویں منٹ میں پاکستانی فاروڈ کھلاڑی عبدالحسیم خان نے گول کر کے مقابلہ دو دو گول سے برابر کر دیا۔ ٹورنامنٹ کے میچز میں ارجنٹینا نے جاپان کو 7-1 سے، جرمنی نے کوریا کو 5-0 سے جبکہ ملائیشیا نے جنوبی افریقہ کو 4 کے مقابلے 6 گول سے شکست دے دی۔ ٹورنامنٹ میں آج آرام کے دن کے بعد کل آخری چار لیگ میچ کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔
(ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ٹورنامنٹ‘ پاکستان اور انگلینڈ کا میچ دو دو گول سے برابر
(ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ٹورنامنٹ‘ پاکستان اور انگلینڈ کا میچ دو دو گول سے برابر
Jul 01, 2013