لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق اولمپیئنز نے ملائیشیا میں جاری ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ٹورنامنٹ پر کہا ہے کہ قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ میزبان ملائیشیا اور انگلینڈ کے خلاف پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ آخری لیگ میچ میں بھی اس ردھم کو برقرار رکھا گیا تو پاکستان ٹیم2014 ءکے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے لیے بھی کوالیفائی کر جائے گی۔ سابق کپتان محمد عثمان نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ہاکی ورلڈ لیگ میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا انشااﷲ جنوبی افریقہ کے خلاف واضح مارجن سے کامیابی پاکستان کا مقدر بنے گی۔ پہلے دونوں میچ ہی بہت سخت تھے جن میں کھلاڑیوں نے سخت محنت کی۔ اولمپیئن خواجہ جنید نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے پہلے دونوں میچوں میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف کھلاڑیوں کو مزید ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان ٹیم کے لیے یہ میچ انتہائی اہم ہے، عمران بٹ نے انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوسرے ہاف میں جس کا طرح کھیل پیش کیا اسے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ہاف میں میدان میں اتارنا چاہیے۔ ملائیشیا اور انگلینڈ کے خلاف کھلاڑیوں نے جس عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا امید ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان ٹیم مارجن سے کامیابی حاصل کر لے گی۔ سابق اولمپیئن انجم سعید نے کہا کہ ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ٹورنامنٹ تمام ٹیموں کے لیے اہمیت کا حامل ہے کامیاب ٹیم ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔ پاکستان ٹیم نے ٹورنامنٹ کے لیے اچھی تیاری کی ہے پہلے دو میچوں میں کھلاڑیوں نے جس کھیل کا مظاہرہ کیا امید ہے کہ تیسرے میچ میں بھی وہ اپنے ردھم کو برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کرینگے۔
”ورلڈ لیگ سیمی فائنل، پاکستان جنوبی افریقہ کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے“
”ورلڈ لیگ سیمی فائنل، پاکستان جنوبی افریقہ کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے“
Jul 01, 2013