سہون شریف(این این آئی+آئی این پی)حضرت لال شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کے بعد واپس جانے والے زائرین کی گاڑی کو حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ضلع ٹھٹھہ کے انڈس ہائی وے پر حیدر آباد سے سیہون جانے والی دو مسافر بسوں کے درمیان ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کے لئے مقابلہ جاری تھا کہ شہر سن کے قریب ایک بس نے دوسری کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی اسی دوران بس مخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کے فوری بعد مقامی افراد نے لاشوں کو گاڑی سے نکال کر قریبی ہسپتال پہنچایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں اور ان کا تعلق لاہور سے ہے۔ بدقسمت خاندان سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کے سالانہ عرس میں شرکت کے بعد حیدر آباد جارہے تھے کہ واقعہ پیش آگیا۔علاوہ ازیں عرس کے موقع پر شدید گرمی اور حبس کے باعث 13 زائرین دم توڑ گئے، ازیسہ نہر میں نہاتے ہوئے چھ زائرین ڈوب گئے جن میں چار زائرین کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ ڈوبنے والے دو زائرین کی تلاش جاری ہے، عرس میں کرنٹ لگنے سے بھی دو افراد جاں بحق ہوئے۔