جوہری پر وگرام حق ہے،کسی کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے:ایرانی صدر

تہران(این این آئی)ایران کے نو منتخب صدر حسن روحانی نے اپنی جیت کوعالمی بر داری کے ساتھ تعمیری مذاکرات کی نئی راہیں کھلنے سے مشابہت دیتے ہوئے کہاہے کہ جوہری پروگرام ایران کا حق ہے تاہم ہم کسی کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے ،ایران اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید و سعت دے گا ،ایران کے عوام کے بہتر سے بہتر مستقبل کے لیے جد وجہد جا ری رکھوں گا ۔جرمن میڈیا کے مطا بق اتوا ر کو انتخابا ت میں کا میابی کے بعد پہلی مرتبہ ایرانی عوام سے براہ راست نشر یا تی خطاب میں نومنتخب صدر حسن روحانی نے کہاکہ خارجہ پالیسی میں اعتدال کا مطلب نہ پسپائی اور نہ ہی محاذ آرائی ہے بلکہ اس کا مطلب دنیا کے ساتھ تعمیری اور کارآمد رابطہ کاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ تین اگست کو صدارت سنبھالنے کے بعد بین الاقوامی برادر ی سے ایران کا تناﺅ کم کر نے کی عملی کو شش کریں گے ،حسن روحانی نے کہا کہ ان کی انتظامیہ کے تحت ڈائیلاگ اور رابطہ کاری باہمی احترام کی بنیاد پر ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن