پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی )سپیکر خیبر پی کے اسمبلی اسد قیصر نے شمالی وزیرستان کے اعلیٰ سطحی کے جرگہ سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم کو خط لکھا ہے جس میں متاثرین کیلئے فوری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط میں وزیراعظم کو متاثرین کے مشکلات سے آگاہ کیا گیا انہوں نے کہا ہے کہ اچانک انخلاء اور افراتفری میںگھنٹوں مختلف پیدل راستوں سے سفر کرکے اکثر متاثرین رجسٹریشن سے محروم ہیں۔ ان کیلئے بنوںِ، کوہاٹ، پشاور، مانسہرہ، اور صوبہ کے دیگر اضلاع میں ایمرجنسی بنیادوں پر رجسٹریشن کی ہدایات دی جائیں۔ حکومت متاثرین کیلئے نادرا کی موبائل ٹیمیں بناکر اس مشکل کے حل میں تعاون کرے۔بیوہ خواتین یا وہ جن کے شوہر بیرون ملک محنت مزدوری کے سلسلے میں مقیم ہیں ، جو یتیم ومعذور ہیں ان کیلئے رجسٹریشن اور راشن کا خصوصی انتظام کیا جائے۔ خواتین اور معذورں کیلئے الگ رجسٹریشن اور راشن پوائنٹ قائم کئے جائیں۔ مرکزی اور صوبائی حکومت متاثرین کیلئے رمضان پیکیج کا اعلان کریں۔
وزیر اعظم / خط