14 پولیس افسروں کی تنزلی کا حکم معطل، آئی جی شنوائی کا موقع دیں: ہائیکورٹ

Jul 01, 2016

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے 14 پولیس افسروں کی تنزلی کا حکم معطل کر تے ہوئے آئی جی پنجاب کو پولیس افسروں کو شنوائی کا موقع دینے کی ہدائت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ جسٹس امیر بھٹی نے سماعت کی۔ معطل ڈی ایس پیز کے وکیل طلعت فاروق شیخ نے عدالت کو بتایا کہ آئی جی پنجاب نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی اور انہیں شنوائی کا موقع دئیے بغیر کسی قانونی جواز کے بغیر نوکریوں سے معطل کر دیا۔ طریقہ کار کے مطابق شنوائی کا موقع دئیے بغیر نوکریوں سے معطلی کا آئی جی پنجاب کا حکم آئین کے آرٹیکل دس اے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ آئین کے تحت شفاف انکوائری کا موقع دئیے بغیر کسی سرکاری ملازم کو نوکری سے معطل نہیں کیا جا سکتا۔ جس پر عدالت نے معطلی کا سامنا کرنے والے 3ایس پیز ایس پی فاروق ہنڈل، امجد قریشی کے علاوہ ڈی ایس پی ریاض علی شاہ، سرور اعوان، راشد کلیار ناصر اعوان، رانا اسلام اور ذوالفقار کو عہدوں پر بحال کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کے فیصلے کو معطل کر دیا۔ عدالت نے ایس پی کرامت اللہ اور 5 ڈی ایس پیز راشد افضل، ملک نواز، محمد عابد، ا شرف چدھڑ اور ایس ایچ او منظور کی تنزلی کا حکم بھی معطل کر دیا۔

مزیدخبریں