لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے چین کے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 95 ویں سالگرہ پر چینی حکومت‘ قیادت‘ عوام اور صحافیوں کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال رشتوں میں بندھی ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے ’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘ کا ویژن دیکر ایک نئی سمت مقرر کی ہے اور یہ ویژن ترقی‘ خوشحالی‘ امن‘ رواداری‘ برداشت اور بھائی چارے کا ویژن ہے۔ سی پیک چین کی قیادت اور عوام کا پاکستان کیلئے عظیم تحفہ ہے اور سی پیک کے تحت پاکستان اور چین میں بے مثال شراکت داری قائم ہوئی ہے جوکہ وہ آنے والے دن نئی سمت طے کرتے ہوئے تیزی سے آگے کی جانب بڑھ رہی ہے۔ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی تاریخ کا دھارا بدل دے گا۔ چین نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کو 46 ارب ڈالر کا تاریخ ساز سرمایہ کاری پیکیج دیکر ایک عظیم احسان کیا ہے۔ منصوبے مکمل ہونگے تو دوبارہ نئی تاریخ لکھی جائے گی کیونہ تاریخ نے اتنی تیزرفتاری سے منصوبوں پر کام ہوتے ہوئے نہیں دیکھا۔ پنجاب سمیت پاکستان بھر میں سی پیک کے تحت توانائی منصوبوں پر انتہائی تیزرفتاری سے کام جاری ہے۔ لاہور اورنج ٹرین میٹرو ٹرین کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹرو ٹرین کا منصوبہ چین کا پاکستان کے عوام کیلئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے اور اس منصوبے کیلئے تمام تر سرمایہ کاری چین نے کی ہے۔ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کیلئے چین نے فنڈز کی دوسری قسط بھی جاری کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے چینی صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت سی پیک کے راستے میں آنے والے چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے۔ چند مخالف عناصر سی پیک کو حقیقت کا روپ دھارتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے ہیں‘ لیکن ان کے عزائم پورے نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہر رکاوٹ عبور کرکے سی پیک کو مکمل کریں گے۔ سی پیک امن‘ خوشحالی‘ ترقی اور بھائی چارے کا باعث بنے گا۔ پاکستان اور چین کی منزل مشترکہ ہے اور اس مشترکہ منزل کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ چینی صحافیوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی صحت یابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے چائنہ ایرو سپیس کنسٹرکشن کارپوریشن کے اعلیٰ سطح کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں چینی کمپنی نے ہائوسنگ‘ واٹر سپلائی‘ سینی ٹیشن اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قومی وسائل کو امانت سمجھ کر عوام کی فلاح پرخرچ کر رہی ہے۔ منتخب نمائندے عوام سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ غلام مرتضیٰ‘ ابو حفظ‘ محمد غیاث الدین‘ عامر حیات ہراج اور عارف محمود گل نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں جمعتہ الوداع کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں تعینات ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن کو ٹیلیفون کیا اور استنبول میں اتاترک ایئرپورٹ پر دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے سینئر فوٹوگرافر منیر چودھری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔