ملتان (جنرل رپورٹر) بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود میپکو سے کرپشن اور اوور ریڈنگ کا خاتمہ ممکن نہ ہوسکا، محکمے میں موجود کرپٹ عناصر نے شہریوں کی زندگی اجیرن کررکھی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق میپکو غلہ منڈی سب ڈویژن کے علاقے لوہا ر کالونی ملتان کے رہائشی محمد اقبال خان نے اپنی دکان پر بجلی کا میٹر لگوانے کے لئے اپریل 2016 ء میں ڈیمانڈ نوٹس اداکیا، مگر میپکو کا سجاد نامی اہلکار جس کا موبائل فون نمبر03017456140 ہے میٹر لگانے کے عوض بھاری رشوت کا مطالبہ کرتا رہا ، رشوت نہ دینے پر تا حال کنزیومر کو کنکشن فراہم نہ کیا ہے۔ جبکہ گزشتہ روز بجلی میٹر کی تنصیب سے قبل ہی بل بجلی موصول ہوگیا ہے ۔ جس میں کنکشن جاری کرنے کی تاریخ 30 مئی 2016 درج ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بل میں کنزیومر کو 50 یونٹ کی اوور ریڈنگ بھی ڈال دی گئی ہے اور اس طرح 1439 روپے کا بل بجلی بنادیا گیا ہے ۔ اس صورتحال سے میپکو کی کارکردگی اور جدید ڈیجیٹل میٹر ریڈنگ کے دعوے کی قلعی کھلتی ہے ۔ میپکو کے افسران عوام کو سہولیات بہم پہنچانے کے دعوے تو کرتے ہیں مگر صورتحال اس کے برعکس ہے ۔ میپکو میں کرپشن کا راج ہے ، اور اوور ریڈنگ خاتمہ ممکن نہ ہوسکا ہے ، جبکہ رشوت کے بغیر نئے کنکشن کا حصول ممکن نہیں ۔ کنزیومر محمد اقبال خان حوالہ نمبر12151251025802 نے اس صورتحال میں سیشن کورٹ ملتان سے رجوع کرنے اور دعویٰ ہرجانہ دائر کیا ہے۔
میپکو سے کرپشن اور اوورریڈنگ کا خاتمہ نہ ہوسکا
Jul 01, 2016