کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و نامزد امیدوار حلقہ PS-114انجینئر نجیب ہارون نے کہا ہے کہ PS-114کے ضمنی انتخاب میں حلقے کے عوام آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ نہیں آزمائیں گے۔ اس حلقے کے مسائل کے ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں ہیں ۔ ہمیشہ ان دونوں کا اقتدار رہا لیکن مسائل حل ہونے کے بجائے بڑھتے گئے۔ آج پورا حلقہ مسائل کا گڑھ بن چکا ہے لیکن وہی آزمائے ہوئے لوگ دوبارہ عوام سے جھوٹے وعدے کر رہے ہیں ۔ یہ باتیں ا نہوں نے محمود آباد، دہلی کالو نی، کراچی ایڈمن سوسائٹی میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما سبحان علی ساحل ، سرور راجپوت، امجد جاہ ، بلال غفار، اکبر موریجو اور دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا ۔ انجینئر نجیب ہارون نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی کرپشن کی وجہ سے لوگ انہیں پسند نہیں کرتے۔ اس ملک میں شریف برادران اور زرداری گروپ نے ہمیشہ کرپشن کو فروغ دیا ہے اور اس ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا ہے اور اس لوٹ مار میں ایم کیو ایم برابر کی شریک ہے۔ ایم کیو ایم کی قیادت نے بھی کرپشن ، چائنہ کٹنگ، بھتہ خوری کا کلچر اور بوری بند لاشوں جیسے تحفے اس شہر کو دئے ہیں ۔ عوام کسی بھی صورت میں ان آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ ووٹ نہیں دیں گے۔